راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے یادگارشہدا پر پھول رکھے اور شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مادر وطن کےدفاع و سلامتی کیلئے ان کی اعلیٰ سطح کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہا اور خیبرپختونخوا کی بہادر پولیس فورس کو سراہتے ہوئے کے پی پولیس کو ایک بہادر فرنٹ لائن فورس قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے دہشتگردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف ان کی ثابت قدمی اور قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ میران شاہ کے دورے پر فیلڈ مارشل کو موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، دہشتگردی کےخلاف حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے اور علاقے میں پائیدار امن و استحکام کویقینی بنانےکیلئے اٹھائےجانے والےاقدامات پر جامع بریفنگ دی گئی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو فیصلہ کن طور پر ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور خیبرپختونخوا کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

