اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہےکہ نئے صوبوں کی تشکیل پر ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے، عوامی رائے لی جائے اور اگر عوام کی رائے ہو تو صوبے بننے چاہئیں۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ گوجرانوالہ میرا آبائی شہر ہے، ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر میں نے دورہ کیا تھا، اس دوران وہاں پر امیدوار موجود نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کی دعوت الیکشن شیڈول سے پہلے آئی تھی، ہم نےالیکشن کمیشن سے غیرمشروط معذرت کی ہے، نئے صوبوں کی تشکیل پر ہمارا مؤقف بڑا واضح ہے، عوامی رائے لی جائے، اگر رائے یہ آتی ہے کہ صوبے بننے چاہئیں تو بنا دیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر عوامی رائے آتی ہے کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو نہ بنائیں، عوامی رائےکا راستہ ہموار کیا جائے، عوامی رائے کے مطابق فیصلے ہوں، ریفرنڈم کرانے میں کیا حرج ہے؟ کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کل صدر مملکت سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی جس میں معاملات پربات کرنے، افہام وتفہیم سے آگے بڑھنے پربات چیت ہوئی، ریفرنڈم سے متعلق آئینی شق واضح ہے، کسی بھی قومی اہمیت، بلک امپورٹنس کے ایشو پر ریفرنڈم کرایا جاسکتا ہے، عوامی رائے بھی طلب کی جائے گی، میں سمجھتا ہوں کہ عوامی رائے آنی چاہیے، عوامی رائے تو آنی ہے، عوامی رائے آئے گی، اس کے بعد دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔

