وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین میں شی جن پنگ اور روسی ہم منصب ولادمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
قبل ازیں امریکی جریدے نیویارک پوسٹ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چین کے شہر شینزن میں جمعرات کو تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاات ہونے کا امکان ہے۔
نیویارک پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پر بات چیت متوقع ہے، شمالی کوریا، یوکرین اور ایران سے متعلق امور پربھی بات چیت ہونے کا امکان ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملاقات میں جوہری ہتھیاروں میں کمی پربات چیت ہوگی، جبکہ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ متوقع ملاقات میں کسی معاہدے کی توقع نہیں ہے۔
امریکا، چین اور روسی صدور کے مابین متوقع ملاقات کو 1945 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور روسی رہنما جوزف اسٹالن کے درمیان ہونے والی یالٹا کانفرنس سے جوڑا جا رہا ہے جس میں یورپ کی نئی حد بندیاں کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کے درمیان متوقع ملاقات کو یالٹا کانفرنس سے جوڑتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ شینزن 21ویں صدی کے لیے یالٹا طرز پر ’’عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم‘‘ کا معاہدہ ثابت ہو سکتا ہے۔

