نصیرآباد:صوبائی مشیر برائے محنت و افرادی قوت اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے نائب صدر بیرسٹر چیف سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے اپنے اور اپنے بھائی و کزنز کے خلاف منجھوشوری تھانے میں 16 نومبر 2026 کو درج ایف آئی آر پر ردِعمل دیتے ہوئے الزامات کو جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔اپنے جاری کردہ وضاحتی بیان میں سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے اپنے تمام عزیز و اقارب، دوست احباب، قبائلی عمائدین اور عوام الناس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ایف آئی آر میں انہیں، ان کے بھائی اور کزنز کو بلاجواز نامزد کیا گیا ہے، جس کی وہ سختی سے تردید کرتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ وقوعہ کے وقت نہ وہ خود اور نہ ہی ان کے بھائی اور کزنز جائے وقوعہ پر موجود تھے، جبکہ مذکورہ واقعے سے ان کا کسی قسم کا کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق انہیں بلاجواز اس معاملے میں ملوث کیا گیا ہے اور ایف آئی آر میں دہشت گردی سمیت سنگین نوعیت کی دفعات عائد کرنا بھی حقائق کے برعکس ہے۔سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور تمام حقائق و شواہد کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ قانون اور انصاف پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور انہیں امید ہے کہ متعلقہ ادارے کسی دباو یا اثر و رسوخ سے بالاتر ہو کر حقائق کی روشنی میں فیصلہ کریں گے اور ان کی بے گناہی کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے، ہم انصاف کے حصول کے لیے قانونی راستہ اختیار کریں گے اور امید رکھتے ہیں کہ حقائق سامنے آنے پر تمام الزامات کی حقیقت واضح ہو جائے گی۔

