کوئٹہ (آن لائن) مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ اور معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ صوبے کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، جو اپنی محنت، قابلیت اور عزم کے ذریعے نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا نام بھی روشن کریں گے یونیورسٹی لا کالج کے سیشن 2022-2026 کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں رہنماوں نے طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،اس موقع پر معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مایوس ہونے کے بجائے امید، حوصلے اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ہمارے نوجوان ہمارا سرمایہ اور ملک کا مستقبل ہیں۔ انہیں اپنی تعلیم، صلاحیتوں اور کردار کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے وطن پاکستان سے محبت کریں، اپنی قومی شناخت پر فخر کریں اور کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے، گمراہ کن بیانیے اور دشمن کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ جھوٹے دعوں اور گمراہ کن معلومات کے بجائے تحقیق، شعور اور حقائق کو اہمیت دیں تعلیم یافتہ نوجوان ہی ایک مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد ہیں، مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کی تقریباً 70 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو صوبے اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت فراہم کرنا اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع دینا وقت کی اہم ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم، کھیل، قانون، تحقیق اور زندگی کے دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔تقریب کے اختتام پر فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں محنت، دیانت داری اور ذمہ داری کو اپنا شعار بنائیں گے اور ملک و صوبے کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

