کوئٹہ: بلوچستان پولیس نے صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے صوبے کی ساتوں رینجز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے پولیس حکام کے مطابق آئی جی پولیس کی ہدایات پر صوبے کے مختلف اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے، جس کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں مجموعی طور پر 805 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں میں اشتہاری ملزمان، مفرور افراد، عادی جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور دیگر جرائم میں ملوث افراد کو نشانہ بنایا گیا پولیس کے مطابق خصوصی مہم کے دوران 43 اشتہاری ملزمان، 296 مفرور ملزمان اور 466 عادی جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مزید تحقیقات بھی جاری ہیں پولیس کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے دوران مزید 102 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور 55 میگزین بھی برآمد کیے گئے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کے ذریعے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور جرائم میں ملوث عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی بلوچستان پولیس نے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 86 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 165 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی پولیس حکام کے مطابق منشیات کے خلاف کارروائیاں بھی مسلسل جاری رہیں گی اور منشیات کی خرید و فروخت اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی مغوی افراد کی بازیابی، مسروقہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئی ہیں پولیس کے مطابق صوبے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 18 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا۔ پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 4 مسروقہ گاڑیاں اور 14 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلیں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے اور جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ اضلاع کی پولیس کو بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھی کریک ڈان جاری ہیں صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس کے مطابق مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر کارروائیوں کے دوران 4 ہزار 576 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں میں غیر قانونی طور پر کالے شیشے کے استعمال کے خلاف کارروائی کا مقصد جرائم کی روک تھام کے ساتھ ساتھ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے پولیس حکام کے مطابق بلوچستان کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائیاں کی جا رہی ہیں آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کا دبا قبول نہ کیا جائے اور قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے پولیس کے مطابق صوبے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے کریک ڈاون کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں، اشتہاریوں اور مفرور ملزمان کے خلاف آئندہ دنوں میں مزید کارروائیوں کی توقع ہے۔

