جمعرات, اکتوبر 22, 2026
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںموساد اور سیکیورٹی اداروں کو ایران میں حکومت کا تختہ پلٹنے کی...

موساد اور سیکیورٹی اداروں کو ایران میں حکومت کا تختہ پلٹنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایران کی اسلامی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے اسرائیلی فوج، خفیہ ایجنسی موساد اور ملٹری انٹیلی جنس کو ہدایات جاری کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران سے لاحق خطرے کے خاتمے کے لیے موجودہ حکومت کا خاتمہ ضروری ہے۔

جنوبی اسرائیل کے شہر دیمونا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیتن یاہو نے الزام عائد کیا کہ ایران اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتا تھا، تاہم اسرائیل نے اپنی پوری طاقت استعمال کرکے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔

نیتن یاہو کے مطابق ایران جوہری بم بنانے کی کوشش کر رہا تھا، جسے روکنے کے باوجود تہران کی جانب سے یہ کوششیں جاری ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کا واحد راستہ ایرانی حکومت کا تختہ الٹنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس مقصد کے لیے اسرائیلی فوج، موساد اور ملٹری انٹیلی جنس کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان ہدایات پر کب اور کس طرح عمل درآمد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام سے لاحق خطرے کے پیش نظر کارروائی شروع کی تھی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایرانی حکومت نے جوہری ہتھیار حاصل کرلیے تو اسرائیل کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔

دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارےایکسیوس نے امریکی حکومتی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے اسرائیل کے غیر اعلانیہ دورے کے دوران نیتن یاہو سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب واشنگٹن اور تل ابیب ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر مزید فوجی کارروائیوں کے امکان پر بات چیت کر رہے تھے۔ امریکی محکمہ جنگ نے اس ملاقات کی تصدیق کے لیے وائس آف امریکا کی درخواست پر تبصرہ نہیں کیا۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ امریکا میں 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر نئے فوجی حملوں کا حکم نہیں دیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ گزشتہ مرتبہ ایران کے خلاف کارروائی کے ذریعے معاملہ ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو ایران پہلے سے زیادہ مضبوط ہوکر سامنے آیا۔

واضح رہے کہ ایران طویل عرصے سے جوہری ہتھیار بنانے کی کوششوں کے الزامات کی تردید کرتا آیا ہے۔ نیتن یاہو نے ایران میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق اپنے تازہ بیان میں مجوزہ کارروائی کے وقت اور طریقۂ کار کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!