منگل, اکتوبر 20, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںمنفی پروپیگنڈے اور جھوٹے الزامات سے جمعیت علما اسلام کی عظمت کم...

منفی پروپیگنڈے اور جھوٹے الزامات سے جمعیت علما اسلام کی عظمت کم نہیں کی جا سکتی، سینیٹر مولانا عبدالواسع

جمعیت کی سیاست محض اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اسلام کی سربلندی اور آئین کی بالادستی کے لیے ہے، جے یو آئی بلوچستان
کوئٹہ:جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ منفی پروپیگنڈے، جھوٹے الزامات اور بے بنیاد من گھڑت بیانیوں کے ذریعے عوام کے دلوں سے جمعیت علما اسلام کی عظمت، محبت اور اعتماد کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ جمعیت علما اسلام کی پرامن آئینی، جمہوری اور سیاسی جدوجہد کو جھوٹ اور بہتان تراشی کے ذریعے مسخ کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، کیونکہ جمعیت کی سیاست محض اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ اسلام کی سربلندی، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ، عوامی حقوق کی پاسداری اور ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام ایک نظریاتی، دینی اور عوامی جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں گہری ہیں، اس جماعت نے ہر دور میں نامساعد حالات، سیاسی انتقامی کارروائیوں اور مختلف چیلنجز کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا ہے اور اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ جمعیت علما اسلام کی قیادت اور کارکنوں نے ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی جدوجہد کی ہے اور جمہوری طریقے سے عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیا ہے۔ سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جب مخالفین سیاسی میدان میں دلیل، کارکردگی اور عوامی اعتماد کی بنیاد پر مقابلہ کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو وہ منفی پروپیگنڈے، کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیتے ہیں، لیکن ایسی منفی مہمات سے نہ تو حقائق کو تبدیل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی عوام کو اپنی حقیقی قیادت سے بدظن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کی تاریخ قربانیوں، استقامت، دینی خدمات اور اصولی سیاست سے عبارت ہے، جماعت نے ہمیشہ قومی و سیاسی مسائل پر دوٹوک مقف اختیار کیا اور عوام کے بنیادی حقوق، معاشی آسودگی، آئینی آزادیوں اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام اختلافِ رائے کو جمہوریت کا حسن سمجھتی ہے، تاہم سیاسی اختلاف کی آڑ میں جھوٹ، بہتان اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو کسی صورت مثبت سیاسی رویہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سیاسی مخالفین کو چاہیے کہ وہ الزام تراشی اور منفی مہمات کے بجائے دلیل، سنجیدہ مکالمے اور عوامی خدمت کے ذریعے اپنی سیاست کو آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کے کارکنان ایسے منفی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونے کے بجائے اپنی پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد مزید مثر انداز میں جاری رکھیں گے۔ عوام باشعور ہیں اور وہ سیاسی نعروں، بے بنیاد الزامات اور حقیقی کردار کے درمیان فرق بخوبی سمجھتے ہیں۔ جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل سابق رکن قومی اسمبلی آغا محمود شاہ نے کہا کہ جمعیت علما اسلام اپنے نظریاتی تشخص، اصولی سیاست اور عوامی خدمت کے مشن پر ثابت قدم رہے گی اور جھوٹے پروپیگنڈے کے مقابلے میں اپنے کردار، عمل اور عوامی رابطے کے ذریعے حقائق سامنے لاتی رہے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!