مستونگ کے علاقے سورگز میں مسلح افراد کی ناکہ بندی، سردار شاہ زمان علیزئی بیٹے سمیت مبینہ لاپتہ
کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر مستونگ کے علاقے سورگز کے مقام پر مسلح افراد کی جانب سے مبینہ ناکہ بندی کے دوران علیزئی قبائل کے سربراہ سردار شاہ زمان خان علیزئی کو بیٹے سمیت مبینہ طور پر اغوا کیے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز سہ پہر تقریباً 4 بجے پیش آیا، جب سردار شاہ زمان علیزئی اپنے بیٹے کے ہمراہ مستونگ سے کوئٹہ جا رہے تھے۔ سورگز کے مقام پر مسلح افراد نے مبینہ طور پر ناکہ بندی کر کے سردار شاہ زمان علیزئی، ان کے بیٹے اور ویگو گاڑی کو اپنے ہمراہ لے گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد سے سردار شاہ زمان علیزئی اور ان کے بیٹے کے موبائل فون بند ہیں اور تاحال ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ واقعے کے بعد اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات اور حکام کی جانب سے باضابطہ مؤقف فی الحال سامنے نہیں آ سکا ہے۔

