کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے تربت اور نوشکی میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل اور معروف براہوی ادیب پروفیسر غمخوار حیات کے قتل کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت ہے۔ اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے لیڈی پولیس اہلکار کے شوہر اور بیٹے کا زخمی ہونا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پروفیسر غمخوار حیات پر حملہ بلوچستان کی علمی، ادبی اور فکری اقدار پر حملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علم و قلم کے دشمن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

