کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابلِ برداشت ہیں اور لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کا قتل بلوچستان کے امن پر حملہ ہے۔
لیڈی کانسٹیبل شکیلہ کی تربت میں حملے کے دوران شہادت کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد خواتین، اساتذہ اور بچوں کو نشانہ بنا کر خوف پھیلانا چاہتے ہیں، تاہم ریاست دشمن عناصر کو ہر صورت اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیڈی پولیس اہلکار شکیلہ کے خاندان پر حملہ دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا ثبوت ہے جبکہ معصوم شہریوں پر حملے کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذموم عزائم کے لیے اساتذہ کو ہدف بنانا بلوچستان کی علمی و ادبی شناخت پر حملہ ہے اور قلم و شعور کے دشمن عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

