منگل, نومبر 17, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے،مالی مشکلات کے...

بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے،مالی مشکلات کے باوجود بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 200 ارب روپےمختص کیے،احسن اقبال

اسلام آباد:سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں اور وفاقی ملازمتوں میں صوبائی کوٹے پر عملدرآمد کا جائزہ، پنجگور ڈیم کے ڈیزائن اور مقامی آبادی پر ممکنہ اثرات سے متعلق تحفظات کا اظہار، ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کے مفادات، زرعی اراضی اور روایتی آبپاشی نظام کا تحفظ یقینی بنایا جائے، کنوینر کمیٹی سینیٹر جان محمد بلیدی کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل سے متعلق سینیٹ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس منعقد ہوا، جس میں آغازِ حقوقِ بلوچستان پیکیج پر عملدرآمد، صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وفاقی وزارتوں، ڈویڑنز، ماتحت اداروں اور خودمختار اداروں میں بلوچستان کے مختص ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجگور ڈیم کے مجوزہ ڈیزائن اور اس کے مقامی آبادی، زرعی اراضی اور روایتی آبپاشی نظام پر ممکنہ اثرات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔اجلاس کو وفاقی اداروں میں بلوچستان کے کوٹے کے تحت ہونے والی بھرتیوں سے متعلق محکموں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے بتایا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی وفاقی اداروں میں تقرریوں کا دستیاب ریکارڈ واضح اور مکمل نہیں، تاہم وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ آسامیوں کا ڈیٹا ازسرنو مرتب کیا جا رہا ہے۔ کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن کو ہدایت کی کہ گریڈ 1 سے 5 اور گریڈ 6 سے 16 تک کی آسامیوں کی الگ الگ درجہ بندی کرتے ہوئے تقرریوں، خالی آسامیوں اور مختص کوٹے کی تفصیلات پر مشتمل جامع تقابلی رپورٹ پیش کی جائے۔کمیٹی نے بلوچستان کے افسران کی وفاقی اداروں میں طویل عرصے سے ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کا معاملہ بھی اٹھایا۔ حکام نے بتایا کہ بعض صوبائی افسران 10 سے 14 سال تک وفاقی اداروں میں تعینات رہے، تاہم اب طویل عرصے سے ڈیپوٹیشن پر خدمات انجام دینے والے افسران کو ان کے متعلقہ صوبائی محکموں میں واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ان میں محکمہ تعلیم کے پروفیسرز، لیکچررز اور سبجیکٹ اسپیشلسٹس بھی شامل تھے، جن کی طویل غیر موجودگی کے باعث صوبائی محکموں میں خالی آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل متاثر ہوا۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے بلوچستان کے لیے مختص سرکاری آسامیوں، منظور شدہ پوسٹوں، موجودہ تقرریوں اور خالی آسامیوں سے متعلق مکمل معلومات کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کا آبادی کے تناسب سے جائز حصہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بالخصوص بلوچستان کے لیے مختص 5 ہزار آسامیوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کیں۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے اور حکومت صوبے کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے تناسب سے اس کا حصہ، جو 2018ءمیں 2.6 فیصد تھا، موجودہ مالی حالات میں تقریباً نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ان مالی مشکلات کے باوجود بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے تقریباً 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو پنجاب کے لیے مختص رقم سے بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے این-25 منصوبے کو بلوچستان کے لیے ایک اہم اور بڑا منصوبہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس پر 400 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی اور اسے دو سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔احسن اقبال نے بلوچستان میں آبی وسائل کی ترقی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اجلاس میں پیش کی جانے والی تمام تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری ابتدائی جائزہ اور منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔اجلاس میں پنجگور ڈیم کے منصوبے، اس کے ڈیزائن، مجوزہ نہری نظام اور مقامی آبادی، کھجور کے باغات، زرعی اراضی اور موجودہ آبپاشی نظام پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے سوال اٹھایا کہ منصوبے کی تیاری سے قبل موجودہ آبپاشی نظام اور اس پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا مناسب جائزہ کیوں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والے عوامی وسائل سے مقامی آبادی کو حقیقی فوائد ملنے چاہئیں، نہ کہ ان کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوں۔ انہوں نے مقامی ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے ڈیموں کے متبادل کے طور پر چھوٹے ڈیموں کی تعمیر پر بھی غور کرنے کی تجویز دی۔رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کا بنیادی مقصد مقامی آبادی کی فلاح و بہبود ہونا چاہیے اور ایسے منصوبوں سے لوگوں کے روزگار، زرعی وسائل اور معاشی سرگرمیوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے پنجگور ڈیم کی مجوزہ نہر کے مقامی آبادی اور زرعی اراضی پر اثرات کا جامع جائزہ لینے پر زور دیا۔ انہوں نے منصوبے کی تخمینہ لاگت میں نمایاں فرق اور مقامی لوگوں کی اراضی کے حصول سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا۔کمیٹی کے تحفظات کے جواب میں وزارتِ منصوبہ بندی کے حکام نے بتایا کہ پنجگور ڈیم کے ڈیزائن کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ آبپاشی سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ پنجگور میں ماضی میں آبپاشی کے لیے 118 کاریزیں موجود تھیں، جن کے ذریعے تقریباً 6 ہزار ایکڑ زرعی اراضی سیراب ہوتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شمسی توانائی سے چلنے والے پانی نکالنے کے نظام کے استعمال کے باعث روایتی کاریزوں کا نظام متاثر ہوا ہے اور اب تک 72 کاریزیں متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ 2025ئ سے 2026ئ کے دوران 34 کاریزوں میں پانی کے بہاو میں 50 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق پنجگور ڈیم کو تقریباً 25 ہزار ایکڑ اراضی کو آبپاشی کے لیے پانی فراہم کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ مجوزہ ڈیم کی بلندی 33 میٹر ہوگی، جبکہ اس کے بائیں جانب 30.24 کلومیٹر اور دائیں جانب 9.8 کلومیٹر طویل نہر تعمیر کرنے کی تجویز تھی۔انہوں نے مزید بتایا کہ کھجور کے ہزاروں درختوں اور مقامی زرعی اراضی کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے ابتدائی طور پر کھلی نہروں کے ذریعے پانی کی ترسیل کے ڈیزائن میں تبدیلی کرتے ہوئے پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا نظرثانی شدہ ڈیزائن حتمی شکل اختیار کر چکا ہے۔پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ پائپ لائن سسٹم پر آنے والی لاگت کا تعین کرنے کے لیے چین سے مالی تخمینہ موصول ہونے کا انتظار ہے۔ منصوبے سے متاثر ہونے والے علاقوں کے سروے مکمل کر لیے گئے ہیں، تاہم سکیورٹی کی صورتحال کے باعث بعض مقامات پر سروے کے عمل میں تاخیر ہوئی۔کمیٹی نے گیش کور ڈیم کا جائزہ لیا اور اس پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا سے مکمل رپورٹ طلب کی گئی کہ گیش کور ڈیم سے ڈاون اسٹریم میں کیچ کور سے منسلک زراعت کس قدر متاثر ہوگا اور میرانی ڈیم کو جانے والی پانی میں کس قدر کمی ہوگی۔ کمیٹی کنونیر جان محمد بلیدی نے کہاکہ گیش کور ڈیم سے منسلک زرعی زمین سرے سے موجود ہی نہیں ہے لہٰزا اس کی فیزبیلٹی رپورٹ کمیٹی کو اگلے اجلاس میں پیش کی جائے اور واپڈا کی رپورٹ بھی تیار کی جائے کہ اس ڈیم سے مقامی آبادی کس قدر متاثر ہوگی۔ کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد میں شفافیت، مقامی آبادی کی ضروریات اور مفادات کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ کمیٹی نے وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے مختص کوٹے پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے اور اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبے مقامی لوگوں کے روزگار، زرعی وسائل اور روایتی آبپاشی نظام کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیے جائیں۔اجلاس میں سینیٹر سید کاظم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!