بلوچستان اسمبلی کے جاری اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے سبی سے اقلیتی لڑکی کے مبینہ اغوا اور اسے سندھ لے جانے کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کے اصل حقائق کا کسی کو علم نہیں ہے، تاثر کچھ اور دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ایوان کو بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ لڑکی کی عمر 14 سال نہیں بلکہ 18 سال ہے۔ وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے اس معاملے پر مکمل تعاون کیا گیا ہے اور تمام مطلوبہ ڈیٹا بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔
میر ضیاء لانگو نے انکشاف کیا کہ لڑکی نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا ہے اور لاڑکانہ میں اپنی پسند سے کورٹ میرج کی ہے۔ اغوا کے حوالے سے پھیلائی جانے والی خبریں حقائق کے برعکس ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معاملے کی حساسیت اور قانونی تقاضوں کے پیشِ نظر بلوچستان پولیس کی ٹیم آج بھی سندھ میں موجود ہے اور تمام صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔

