کوئٹہ:صوبائی مشیر برائے بلدیات و دیہی ترقی نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی، بلدیاتی اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ محکمہ بلدیات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ڈیجیٹلائزیشن، شفافیت اور میرٹ پر مبنی نظام کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔یہ بات انہوں نے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے کارکردگی اور انتظامی امور کا جائزہ لینے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالرﺅف بلوچ ، ڈائریکٹر جنرل محکمہ بلدیات و دیہی عزت نذیر بلوچ، سیکرٹری بلوچستان لوکل گورنمنٹ بورڈ شجاعت علی بلوچ، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ، چیف آفیسر میٹر پولیٹن کارپوریشن عبد الوحید بادینی، ڈائریکٹر جنرل سر ڈی اے عبد المنان دوتانی سمیت محکمہ بلدیات و دیہی ترقی علی افسران نے شرکت کی ہیں ۔اجلاس میں محکمہ بلدیات کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (PSDP)برائے مالی سال 2026-27پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی صورتحال، عمل درآمد کی رفتار اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا، جبکہ مالی سال 2026-27کے لیے گرانٹ اِن ایڈ (Grant-in-Aid)کی فراہمی اور اس کے استعمال سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی مشیر نواب زادہ امیر حمزہ زہری نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں اور امدادی گرانٹس کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچائے جائیں اور تمام متعلقہ امور میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں محکمہ بلدیات کے تحت جاری بھرتیوں کے عمل کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اور کہا کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق محکمہ میں بھرتیوں کا عمل میرٹ، شفافیت اور قواعد و ضوابط کے عین مطابق مکمل کیا جائے گا، تاکہ اہل اور قابل امیدواروں کو آگے آنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ نے اجلاس کو محکمہ کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے خاطر خواہ پیش رفت کی گئی ہے۔ ڈیجیٹل نظام کے ذریعے عوام اور ان کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے درمیان رابطوں کو مزید مثر بنایا جا سکے گا، جس سے عوامی شکایات کے ازالے، خدمات کی فراہمی اور انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔ ان اقدامات سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں بھی بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے میں مدد ملے گی۔اجلاس میں بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ اکیڈمی (BRDA)کی مجموعی کارکردگی، بالخصوص تربیتی سرگرمیوں اور استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اکیڈمی کی جانب سے سرکاری محکموں کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے منعقد کی جانے والی تربیتی ورکشاپس کو سراہا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت (AI)سمیت جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تربیتی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد سرکاری ملازمین کی استعداد کار بڑھانے اور سرکاری امور میں جدید طریقہ کار متعارف کرانا ہے۔صوبائی مشیر نواب زادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ تربیت یافتہ افرادی قوت کسی بھی ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، لہذا بلوچستان رورل ڈویلپمنٹ اکیڈمی کی تربیتی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے تاکہ صوبے کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکار جدید مہارتوں سے مستفید ہو سکیں۔اجلاس کے اختتام پرصوبے بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ(ٹھوس کچرے کے انتظام)کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی مشیر نے ڈپٹی کمشنرز (DCs)کانفرنس کے دوران سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام شہری علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے مربوط حکمت عملی، مثر نگرانی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے، کچرے کو بروقت ٹھکانے لگانے اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کے مستقل انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی تاکہ کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔صوبائی مشیر امیر حمزہ زہری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے، عوامی مسائل کے فوری حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور جدید بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

