اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نشریات پھلیں بلوچ نے ریڈیو پاکستان اسلام آباد سے براہوئی زبان میں بلیٹن کا آغاز کر دیا ہے۔ براہوئی زبان سے تعلق رکھنے والے ادیبوں، شاعروں، صحافیوں اور ثقافتی حلقوں نے اس اقدام کا پرتپاک خیرمقدم کیا ہے اور اسے زبان کی ترویج و ترقی کے حوالے سے ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس بلیٹن کے ذریعے اب براہوئی بولنے والے لاکھوں سامعین کو ملکی و بین الاقوامی خبروں، حالاتِ حاضرہ، ثقافتی و ادبی پروگراموں اور عوامی مسائل سے متعلق معلومات اپنی مادری زبان میں میسر آئیں گی۔
چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے نشریات پھلیں بلوچ نے اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی لی اور متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہ کر براہوئی بلیٹن کے آغاز کو یقینی بنایا۔
براہوئی ادیبوں، شاعروں، صحافیوں اور ثقافتی حلقوں نے اس اقدام کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ براہوئی زبان بلوچستان کی قدیم و عظیم زبان ہے، اسے قومی نشریات میں جگہ ملنا براہوئی زبان بولنے والوں کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ براہوئی زبان میں مزید پروگرامز، ڈرامے، ادبی نشستیں اور بچوں کے پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل اپنی زبان و ثقافت سے جڑی رہے۔
عوامی حلقوں نے رکن قومی اسمبلی پھلیں بلوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے براہوئی زبان بولنے والوں کی دیرینہ خواہش پوری کرکے قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

