تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں نے وفاق کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ دے دی۔
وفاق اور صوبوں کےدرمیان رضاکارانہ مالی منتقلی کے معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو گیا، تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں نے وفاق کو گرانٹ دے دی،مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران صوبوں نے وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے فراہم کیے،بجٹ سے پہلے طے پانے والے اس معاہدے پر آئندہ تین سال تک عمل درآمد متوقع ہے۔
وفاقی حکومت کو صوبوں سے گرانٹ کی مدمیں 32 ارب 54 کروڑ روپےکا سب سے بڑا حصہ پنجاب سے ملا، خیبرپختونخوا نے 12 ارب 71 کروڑ، سندھ نے 8 ارب 50 کروڑ اور بلوچستان نے 3 ارب 70 کروڑ روپے وفاق کے حوالے کیے۔
وزارت خزانہ کی دستاویز کےمطابق چاروں صوبے رواں مالی سال وفاق کو مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے دیں گے،پنجاب کا حصہ 555 ارب روپے سے زائد، سندھ کا 263 ارب،خیبرپختونخوا کا 157 ارب اور بلوچستان کا 58 ارب روپے مقرر ہے، یہ رقوم آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت فراہم کی جارہی ہیں اور صوبوں کے این ایف سی شیئر سے منہا ہوں گی۔
وفاق کیلئے گرانٹس کا بڑا ہدف قومی اسٹریٹجک ضروریات اوربڑے ترقیاتی منصوبے ہیں،دیامربھاشا ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کراچی کا کے فور واٹر سپلائی منصوبہ اسی مالیاتی پلان میں شامل ہے۔
ذرائع کاکہنا ہےممکنہ علاقائی کشیدگی کی صورت میں بعض فنڈز دفاعی ضروریات پر بھی خرچ کیے جا سکتے ہیں،جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت وفاق اپنی مالی ضروریات بھی انہی رقوم سے پوری کرے گا۔

