کوئٹہ: سینئر سیاستدان نوابزادہ حاجی لشکرئی رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں اسمبلی کی نشستیں مبینہ طور پر فارم 47 کے تحت نیلام ہوتی ہیں اور اسی طرح سرکاری نوکریاں بھی فروخت کی جا رہی ہیں۔ مائنز اینڈ منرل ایکٹ کو جعلی طریقے سے قانون سازی اور مبینہ سازش کے تحت اسلام آباد کے حوالے کیا گیا۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بعض اقدامات اس لیے بھی کیے جاتے ہیں تاکہ لوگوں کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جاسکے۔ آل پارٹیز کانفرنس میں وہ جماعتیں بھی شامل ہیں جو مائنز اینڈ منرل بل کی منظوری کے وقت موجود تھیں اور انہوں نے اس معاملے پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے رکھی۔ اگر آل پارٹیز کانفرنس بلوچستان کے قومی حقوق اور اختیارات کے حوالے سے منعقد کی جاتی ہے تو وہ اس کی ضرور حمایت کریں گے۔نوابزادہ لشکرئی رئیسانی نے کہا کہ مائنز اینڈ منرل ایکٹ کی منظوری کے معاملے میں بلوچستان اسمبلی کی اپوزیشن نے بھی اپنا کردار ادا کرنے کے بجائے بل پیش کرکے حکومت کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سے اسے جلد بازی میں منظور کروایا۔ ان کے بقول بلوچستان کے باقی ماندہ معدنی وسائل کے تحفظ کے بجائے انہیں ایک قانون کے تحت صوبے سے باہر منتقل کرنے کا راستہ ہموار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سوئی اور ڈیرہ بگٹی سے نکلنے والی گیس سے نہ صرف مقامی آبادی محروم ہے بلکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی گیس کی عدم دستیابی کا مسئلہ موجود ہے۔ سیندک منصوبہ گزشتہ 30 سال سے جاری ہے لیکن آج تک اس کا کوئی حساب نہیں دیا گیا، جبکہ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بھی بلوچستان کے عوام کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیپیک کے نام پر بھی بلوچستان کے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ تحریک تحفظ آئین میں شامل جماعتوں کے کردار کے حوالے سے بھی کئی سوالات موجود ہیں۔ آج اسمبلی میں موجود تمام جماعتوں نے بلوچستان کی آئندہ نسلوں کے ساتھ بڑا ظلم کیا اور صوبے کے وسائل سے متعلق فیصلے ایک قانون کے ذریعے کہیں اور منتقل کردیے۔

