کوئٹہ:ایڈمنسٹریٹرمیٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ نے جوائنٹ روڈ کا دورہ کیا اور علاقے میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے جوائنٹ روڈ کو تجاوزات سے کلیئر کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ جوائنٹ روڈ پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے یا غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو عوام کی آمدورفت کیلئے صاف اور کھلا رکھنا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور غریب و محنت کش طبقے کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے فروٹ مارکیٹ کے قیام کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے جبکہ فروٹ مارکیٹ کے قیام کیلئے ابتدائی عملی کام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فروٹ مارکیٹ کے قیام سے غریب افراد، چھوٹے تاجروں اور محنت کش طبقے کو باعزت کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے اور شہر میں کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔دورے کے موقع پر مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ ڈاکٹر عمران زیب، سپروائزر عبدالحق بلوچ، سپروائزر سرور زہری، ایس پی ٹریفک شبانہ، ڈی ایس پی ٹریفک راحیل اور دیگر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔

