جمعرات, ستمبر 17, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںکوئٹہ؛ ایک ماہ قبل کمسن بچے کی بوری بند لاش ملنے کا...

کوئٹہ؛ ایک ماہ قبل کمسن بچے کی بوری بند لاش ملنے کا معمہ حل، قاتل چچی گرفتار

کوئٹہ میں ایک ماہ قبل بوری بند حالت میں ملنے والے کمسن بچے علی شاہ کے قتل کا معمہ حل ہوگیا، سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ (ایس سی آئی ڈبلیو) نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول کی سگی چچی کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ نے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا مبینہ آلہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق کمسن علی شاہ 20 اگست کو مدرسے سے گھر واپس آنے کے بعد لاپتا ہوگیا تھا۔ اہل خانہ کی جانب سے تلاش کے دوران 23 اگست کی صبح بچے کی لاش گھر کے قریب ایک بوری میں بند حالت میں برآمد ہوئی، جس کے بعد معاملے کی تفتیش سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے ہومیسائیڈ انویسٹیگیشن یونٹ کے سپرد کی گئی۔

ایس ایس پی ایس سی آئی ڈبلیو کیپٹن (ر) دوست محمد بگٹی کی براہِ راست نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں ہومیسائیڈ انویسٹیگیشن یونٹ، اینالیسس یونٹ اور دیگر متعلقہ افسران شامل تھے۔ ایس ایس پی دوست محمد بگٹی اور ایس پی عبدالستار اچکزئی نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے تفتیشی ٹیم سے کیس کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ لی۔

پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم نے دستیاب شواہد، تکنیکی معلومات، رابطوں اور دیگر پہلوؤں کا باریک بینی سے تجزیہ کیا، جس کے نتیجے میں تفتیش مقتول بچے کی سگی چچی تک جا پہنچی۔

ایس سی آئی ڈبلیو نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ خاتون کو حراست میں لے کر تفتیش کی اور اس دوران پولیس کے مطابق ملزمہ نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ کمسن علی شاہ کو قتل کرنے کے بعد لاش چند روز تک گھر میں موجود پانی کی ٹینکی میں چھپائی گئی۔ لاش سے بدبو آنے کے بعد اسے ٹینکی سے نکال کر بوری میں بند کیا گیا اور گھر کے قریب پھینک دیا گیا۔

پولیس نے ملزمہ کی گرفتاری کے ساتھ مبینہ آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے، جبکہ قتل کے محرکات سمیت کیس کے دیگر پہلوؤں کی مزید تفتیش جاری ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!