وزیراعظم شہباز شریف نے انڈس راس ایکسپو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیئے شرکت باعث مسرت ہے، یہ نمائش اور اقدامات پاکستان کو21 ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صف اول کا ملک بنائیں گے، اس سال کے آغاز میں پاکستان نے انڈس اے آئی سمٹ کی میزبانی کی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ روبوٹکس اور ڈرون کی جدت سے معیشت مضبوط،سلامتی بہتر، عوام کی زندگی آسان ہو گی، میرے بچپن میں ٹیکنالوجی کی جدت بلیک اینڈ وائٹ ٹیلیویژن کی آمد تھی، پاکستان ٹیلیویژن کی کلاسک نشریات کو پورا خاندان مل کر دیکھتا تھا، آج مشینیں محسوس کرکے تیزی سے فیصلے اور ان پر عملدرآمد کرتی ہیں، جو کبھی خواب لگتا تھا آج حقیقت بن کر ہمارے سامنے موجود ہے، آج ٹیکنالوجی کی جدید شکل ہمارے سامنے موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ فخر سے کہتا ہوں پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال قابل فخر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی، ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد مقامی تیاری حاصل کرلی گئی، معرکہ حق میں افواج نے آٹونامس سسٹمز اور سائبر سیکیورٹی کے ذریعے سرحدوں کا دفاع کیا، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ایئر چیف اور نیول چیف کی معاونت شاندار رہی۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان اپنی خود مختاری کے دفاع کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، آٹونامس سسٹمزکیلئے واضح قانون سازی اور اخلاقی فریم ورک بنائیں گے، دفاع میں آٹونومس صلاحیتوں کی ترقی میں نمایاں پیشرفت ہوئی، ٹیکنالوجی کا انقلاب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گا، کسانوں، چھوٹے کاروبار، خواتین اور نوجوانوں کو ٹیکنالوجی کا فائدہ ملے گا۔ وزیراعظم نے اسپارک اینڈ ایلیویٹ پروگرام کے آغاز کا اعلان بھی کیا ۔

