امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون اور ان کی اہلیہ کے حوالے سے طنزیہ اور متنازع بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ’میکرون کی اہلیہ ان کے ساتھ برا سلوک کرتی ہیں‘۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ظہرانے کے دوران نیٹو اتحادیوں پر ایران کے خلاف جنگ میں ساتھ نہ دینے پر تنقید کی اور کہا کہ ہمیں ان کی ضرورت نہیں تھی لیکن اس کے باوجود میں نے میکرون کو فون کیا جن کی بیوی ان کے ساتھ برا سلوک روا رکھتی ہیں۔
ٹرمپ نے بتایا کہ میں نے فرانسیسی صدر سے خلیج میں فوری طور پر جہاز بھیجنے کی درخواست کی تھی، جس پر انھوں نے کہا کہ ’نہیں نہیں ، ہم ایسا نہیں کر سکتے، ڈونلڈ، ہم جنگ جیتنے کے بعد ایسا کر سکتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی تھی، ویتنام پہنچنے پر فرانسیسی صدر کے طیارے کا دروازہ کھُلا تو صدر میکرون کے منہ پر پڑتے ہاتھ نے کیمروں کی توجہ کھینچ لی تھی جس کے بعد فرانسیسی صدر نے جھینپ کر کیمروں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا تھا ۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تھی جس میں کہا گیا کہ فرانسیسی خاتون اول نے فرانسیسی صدر کو تھپڑ دے مارا ہے۔
تاہم واقعے کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں تکرار بلکہ مذاق کر رہے تھے۔

