ڈیرہ بگٹی: پولیس نے جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف کارروائیوں میں چار مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی ڈیرہ بگٹی ضیاء الحق مندوخیل کی ہدایات پر مختلف سرکلز میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ڈی ایس پی سرکل سوئی محمد خالد بزدار کی نگرانی میں سی آئی اے انچارج محمد انور بگٹی، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد بلال بگٹی، ہیڈ محرر سیفل خان اور سی آئی اے ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ نمبر 14/2026 بجرم دفعات 324 اور 34 تعزیراتِ پاکستان میں مطلوب نامزد ملزم گل حاجی ولد خمیسہ، قوم پھونگ بگٹی، سکنہ سوئی کو گرفتار کر لیا۔
دریں اثنا، ایس ایچ او تھانہ صدر سوئی عبدالرحیم بگٹی نے سابقہ لیویز مقدمات میں مطلوب مفرور ملزم سلیم جان ولد لاشاری، قوم بگٹی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مقدمہ فرد نمبر 5/2023 بجرم دفعات 147، 148، 149، 302 اور 324 تعزیراتِ پاکستان میں مطلوب تھا۔
ادھر ڈی ایس پی سرکل ڈیرہ بگٹی عبدالجبار مگسی کی نگرانی میں ایس ایچ او ڈیرہ بگٹی وزیر خان مری نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو قتل کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری ملزمان عبدالجبار ولد گنج اور محمد دوران ولد رحیم بخش، اقوام کرمانزئی بگٹی، سکنان پٹوخ ڈیرہ بگٹی کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان مقدمہ نمبر 8/2023 بجرم دفعات 7-ATA، 435، 302 اور 34 میں مطلوب تھے۔
گرفتار ملزمان کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔

