وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ کا مسئلہ جلد حل ہو گا اور صلح ہوگی، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
لاہورمیں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھاکہ ایران امریکا معاہدہ سے متعلق ایک دو دن میں اچھی خبرآئے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران جنگ کا مسئلہ جلد حل ہو گا اور صلح ہو گی، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ تیل کی قیمتوں کو پلاننگ کے ساتھ مستحکم رکھا گیا ہے، ایسا نہ کرتے تو پیٹرول قیمت ڈھائی سوروپے ایک ہی وقت میں بڑھ جاتی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران امن معاہدے کے بہت زیادہ قریب ہیں، اگلے 24 گھنٹے میں معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کی توقع ہے اور پاکستان معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی تیاری کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اگلے ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے، مسلسل عزم اور مذاکرات کے دوران تعمیری کردار پر امریکا اور ایران کے شکر گزار ہیں ، یقین ہے یہ تاریخی امن معاہدہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی تعاون کیلیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

