کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل نظام کی جانب بڑھ رہی ہے اور حکومت بلوچستان بھی صوبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان میں پہلی مرتبہ میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی ٹیسٹنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں این ٹی سی ڈیٹا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بلوچستان میں پہلے ڈیٹا سینٹر کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کوئٹہ میں جدید ڈیٹا سینٹر کا قیام صوبے میں ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری نسل نے تختی سے ٹیبلٹ تک کا سفر طے کیا ہے اور بہت کم عرصے میں دنیا نے ٹیکنالوجی کے میدان میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ آج دنیا آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہی ہے، ایسے میں بلوچستان کو بھی ان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ناگزیر ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں واپس لانے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کا موثر راستہ میرٹ، شفافیت اور بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات ہیں۔ حکومت بلوچستان اسی وژن کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع میسر آسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ این ٹی سی اور وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ اور اشتراک عمل قائم کریں تاکہ بلوچستان حکومت کے تمام محکموں کے ڈیٹا کو ڈیجیٹلائز کرکے محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری معلومات اور دفتری رابطوں کی قومی سلامتی کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت ہے، اس لیے سرکاری ڈیٹا کی حفاظت اور محفوظ ذخیرہ کاری کے لیے اعلیٰ ترین حفاظتی معیار کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں ڈیٹا سینٹر کی موجودگی ایک اہم موقع ہے جس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے صوبائی حکومت کے ڈیٹا کو محفوظ اور جدید نظام کے تحت یکجا کیا جاسکتا ہے۔ حکومت بلوچستان اس مقصد کے لیے این ٹی سی کے ساتھ اشتراک عمل کو مزید مضبوط بنانے اور ملک میں قائم دیگر ڈیٹا سینٹرز سے بھی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ڈیٹا سینٹر کے قیام اور افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے پر این ٹی سی کی ٹیم اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے بلوچستان میں ڈیجیٹل گورننس، ادارہ جاتی استعداد اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید موثر بنایا جاسکے گا۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے این ٹی سی ڈیٹا سینٹر کا افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔

