رہائش گاہ کے باہر پولیس کی پابندیاں آمرانہ طرزِ عمل اور جمہوری اقدار کے منافی ہیں، پنجاب اور وفاق کی کٹھ پتلی حکومتوں کو اس کا جواب دینا ہوگا، ردعمل
لورالائی:جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے لاہور میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے انہیں گھر سے باہر آنے سے روکنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی اختیارات کے ناجائز استعمال اور بنیادی شہری آزادیوں پر قدغن قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ملک کی ایک بڑی سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ اور قومی سیاست کی اہم شخصیت ہیں، انہیں لاہور بار کونسل کی خصوصی دعوت پر خطاب سے روکنے کے لیے ان کی اپنی رہائش گاہ تک محدود کرنا نہ صرف جمہوری روایات کی توہین ہے بلکہ حکومتی بوکھلاہٹ، سیاسی انتقام اور آمرانہ سوچ کا عکاس بھی ہے۔ سیاسی اختلافات کا جواب انتظامی جبر اور غیر قانونی پابندیوں سے دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پنجاب اور وفاق کی کٹھ پتلی حکومتیں اس غیر جمہوری اقدام پر جواب دہ ہیں۔ حکومت اور پولیس فوری طور پر تمام رکاوٹیں ختم کرکے مولانا فضل الرحمٰن کی آزادانہ نقل و حرکت یقینی بنائیں، بصورتِ دیگر جمعیت علمائے اسلام اس آمرانہ اقدام کے خلاف بھرپور سیاسی اور جمہوری ردِعمل دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

