کوئٹہ:کوئٹہ میں کیسکو کی ملازمتوں کے سلسلے میں ٹیسٹ یا بھرتیوں کے لیے آنے والے ہزاروں نوجوانوں کے اجتماع کے باعث ایئرپورٹ روڈ گرینڈ کباش سے بلیلی تک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ کے سامنے ہزاروں نوجوان جمع ہوگئے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ اس دوران نوجوانوں نے جناح پیپلز ٹرین کو بھی بیوٹمز یونیورسٹی کے سامنے روک دیا۔انتظامیہ کی جانب سے عوامی آگاہی کے لیے ہدایت کی گئی ہے کہ کچلاک، لورالائی، چمن سمیت خیبرپختونخوا اور پنجاب جانے والے مسافر ایئرپورٹ روڈ اور بیوٹمز یونیورسٹی کے سامنے سے سفر کرنے سے گریز کریں اور متبادل راستے اختیار کریں تاکہ ٹریفک کی ممکنہ پریشانی سے بچا جاسکے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متاثرہ شاہراہ پر جانے سے پہلے ٹریفک کی صورتحال کو مدنظر رکھیں۔

