گوادر:گوادر میں پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا فیصلہ،گوادر پورٹ اتھارٹی، پی سی ٹی وی آئی، جامعہ گوادر اور چین کے چنگ ڈاو ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط،مجوزہ انسٹی ٹیوٹ میں میرین انجینئرنگ، نیویگیشن ٹیکنالوجی، بحری تحفظ اور جہاز سازی کی تعلیم و تربیت فراہم کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر اور بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید بحری اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے گوادر میں پاکستان اوورسیز انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے منصوبے کو عملی شکل دینے کی جانب قدم بڑھا دیا ہے۔ اس سلسلے میں گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)، پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی)، جامعہ گوادر اور چین کے چنگ ڈاو ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد گوادر پورٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات اور بحری و شپنگ انڈسٹری کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا ہے، تاکہ مقامی نوجوان بندرگاہی اور تکنیکی شعبوں میں پیدا ہونے والے روزگار کے مواقع سے براہِ راست مستفید ہو سکیں۔ مجوزہ ادارے میں نیویگیشن ٹیکنالوجی، میرین انجینئرنگ، بحری تحفظ، جہاز سازی کی ٹیکنالوجی اور بندرگاہوں کی مشینری سمیت اہم شعبوں میں خصوصی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی تعلیم کو بندرگاہوں کی عملی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گوادر اور بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے تاکہ وہ مستقبل میں پیدا ہونے والے معاشی اور روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت 2026ءسے 2030ءتک پانچ سالہ تعاون کے فریم ورک میں شراکت دار ادارے مشترکہ تعلیمی پروگرامز، نصاب سازی، ہنرمندی کی تربیت، اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی، تحقیقی سرگرمیوں اور عملی تربیت کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔ اس اشتراک سے گوادر پورٹ سمیت بحری اور شپنگ کی صنعتوں کے لیے مطلوبہ فنی مہارت رکھنے والے نوجوانوں کی تیاری میں مدد ملے گی۔ چین کے چنگ ڈاو ہاربر ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کے وائس پریذیڈنٹ اور پارٹی سیکریٹری نے بھی اس تعاون کو پاکستان اور چین کے درمیان تعلیمی روابط مضبوط بنانے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا اور تکنیکی مہارتوں کے تبادلے، تعلیمی اشتراک اور بحری و بندرگاہی شعبوں کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری میں بھرپور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی سی ٹی وی آئی پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے استقبالیہ کلمات ادا کیئے۔ معاہدے میں شان ڈونگ پورٹ گروپ کی شمولیت سے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط مزید مستحکم ہونے اور طلبہ کو عملی تربیت کے بہتر مواقع میسر آنے کی توقع ہے، جبکہ جامعہ گوادر اس منصوبے میں وسیع تر تعلیمی اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں معاونت کرے گی۔

