جمعہ, نومبر 13, 2026
ہوماہم خبریںبچیوں کی تعلیم پر خاندان آمدنی کا 13 فیصد خرچ کرنے پر...

بچیوں کی تعلیم پر خاندان آمدنی کا 13 فیصد خرچ کرنے پر مجبور

اسلام آباد:

اسلام آباد میں پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن (پی سی ای) نے ملالہ فنڈ کے اشتراک سے قومی کانفرنس برائے بچیوں کی تعلیم کا انعقاد کیا۔

آئین کے آرٹیکل 25 اے کے مطابق سرکاری سکولوں میں تعلیم مفت ہے، مگر کانفرنس میں شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق سرکاری سیکنڈری اسکولوں میں پڑھنے والی بچیوں کے خاندان اوسطا ہر ماہ ان کی تعلیم سے وابستہ اخراجات کی مد میں 5 ہزار آٹھ سو ننانوے روپے خرچ کرتے ہیں جو ان کی آمدنی کا تقریبا 13 فیصد بنتا ہے۔

کانفرنس میں سرکاری سطح پر تعلیم کے لیے مختص مالی وسائل اور بچیوں کی اسکول میں تعلیم جاری رکھنے کے لیے خاندانوں کی جانب سے برداشت کیے جانے والے اخراجات کے درمیان فرق کو اجاگر کیا گیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی منصوبہ بندی اور بجٹ سازی میں ان اخراجات کو مدنظر رکھا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بچی کی تعلیم تک رسائی اس کے خاندان کی مالی استطاعت سے مشروط نہ ہو۔

اس موقع پر ملالہ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر نشاط ریاض نے کہا کہ ہر بجٹ میں بچیوں کو تعلیم کے سلسلے میں اسکول جاری رکھنے کے حقیقی اخراجات کو شامل کرنا اور ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنا ضروری ہے جو ان کی تعلیم تک رسائی، تعلیمی عمل میں شرکت اور اگلے تعلیمی مراحل تک منتقلی کو محدود کرتی ہیں۔

پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر زہرہ ارشد نے کہا کہ تعلیم کے لیے سرکاری مالی وسائل میں کمی کا بوجھ اب خاندانوں پر منتقل ہوگیا ہے، جو اپنی بیٹی کو سرکاری سیکنڈری اسکول میں تعلیم جاری رکھنے کے لیے اپنی گھریلو آمدنی کا اوسطاً 13 فیصد خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تعلیم کے اخراجات خاندانوں کو خود برداشت کرنا پڑیں تو تعلیم کا حق، حق نہیں رہتا بلکہ ایک سمجھوتہ بن جاتا ہے۔ اس کے باوجود خاندانوں کی جانب سے اپنی جیب سے کیے جانے والے یہ اخراجات سرکاری تعلیمی بجٹ میں نظر انداز رہتے ہیں، حالانکہ بجٹ سازی میں بچیوں کی تعلیم اسکول میں جاری رکھنے کے حقیقی اخراجات کو لازماً شامل کیا جانا چاہیے۔

کانفرنس کے پروگرام میں بچیوں کی قیادت میں ایک پینل مباحثہ بھی شامل تھا، جس میں سیکنڈری اسکولوں میں زیرِ تعلیم گرل چیمپیئنز نے اپنے ذاتی تجربات بیان کرتے ہوئے ان مالی اور دیگر رکاوٹوں پر روشنی ڈالی جو بچیوں کی تعلیم تک رسائی اور اسکول میں تعلیم جاری رکھنے کی راہ میں حائل ہیں۔ اس نشست کی صدارت رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی نے کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ خاندانوں پر تعلیم سے متعلق مالی بوجھ کم کیا جائے، اسکولوں کی سہولیات بہتر بنائی جائیں اور تعلیم کے شعبے میں سرکاری سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے۔

پالیسی سیشن کے دوران وفاقی اور صوبائی محکمہ ہائے تعلیم کے نمائندوں نے مالی سال 2026-27 میں تعلیم کے شعبے میں سرکاری سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اپنے اپنے علاقوں میں کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا۔ تاہم، اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیمی شعبے کے اہم اہداف کے حصول میں بجٹ کی محدودیت بدستور سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

پنجاب کی پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم، رکن صوبائی اسمبلی محترمہ نوشین عدنان نے کہا کہ تعلیم کے اہم فریقین، بشمول قانون ساز اور اعلیٰ سطح کے فیصلہ ساز، تعلیم کے معاشی پہلوؤں کو پوری طرح نہیں سمجھتے۔ تعلیمی نظام کو مکمل طور پر اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے اصول پر استوار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی سطح پر کام کرنے والے متعلقہ افراد اپنے علاقوں کی مخصوص ضروریات اور زمینی حقائق کے مطابق آزادانہ فیصلے کر سکیں۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!