کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر رحمت صالح بلوچ نے پارٹی کے بانی رہنما اور سابق مرکزی سیکرٹری جنرل شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی برسی پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ محض ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ بلوچ قومی سیاست میں جمہوری، ترقی پسند اور نظریاتی جدوجہد کی ایک توانا آواز تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم کے قومی و سیاسی حقوق، ساحل و وسائل پر اختیار، عوامی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ نے مشکل ترین سیاسی حالات میں بھی اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا اور ہمیشہ آئینی، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کو بلوچ قومی مسائل کے حل کا موثر راستہ قرار دیا۔ ان کی سیاست کا محور ذاتی مفادات یا اقتدار کا حصول نہیں بلکہ اجتماعی قومی مفادات، عوامی حقوق اور ایک بااختیار و خوشحال بلوچستان کا خواب تھا انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی شخصیت میں سیاسی بصیرت، تنظیمی صلاحیت، علمی گہرائی اور نظریاتی پختگی یکجا تھیں۔ انہوں نے نیشنل پارٹی کی تنظیم سازی، کارکنوں کی سیاسی تربیت اور پارٹی کے جمہوری و نظریاتی تشخص کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ وہ اختلاف رائے کو سیاسی عمل کا لازمی حصہ سمجھتے تھے اور تنقید کو تحمل سے سن کر دلیل اور سیاسی مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ ان کی سیاسی زندگی نوجوان نسل کے لیے ایک عملی درس ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بلوچستان جن سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل سے دوچار ہے ایسے حالات میں شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی سیاسی فکر اور جدوجہد کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔ صوبے میں سیاسی بے یقینی، عوامی محرومیوں، بے روزگاری، تعلیمی پسماندگی، صحت کی سہولیات کی کمی، بنیادی شہری حقوق کے مسائل اور قومی وسائل پر اختیار کا سوال بدستور موجود ہے۔ بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کا حل محض انتظامی اقدامات یا وقتی اعلانات سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے عوام کے حقیقی سیاسی اختیار، جمہوری اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور عوامی اعتماد کی بحالی ناگزیر ہے۔انہوں نےکہا کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل پر یہاں کے عوام کا حق تسلیم کیے بغیر صوبے میں پائیدار ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا سیاسی اختلافات کو دبانے کے بجائے سیاسی مکالمے، برداشت اور جمہوری رویوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب عوام کی سیاسی آواز کو اہمیت دی جائے، ان کے آئینی و جمہوری حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور محرومیوں کے اسباب کا سنجیدگی سے ازالہ کیا جائے۔ سیاسی جماعتوں، جمہوری قوتوں اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کے حقیقی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھائیں انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ نے نوجوانوں کو محض سیاسی کارکن نہیں بلکہ باشعور، باصلاحیت اور نظریاتی قیادت بنانے پر توجہ دی۔ آج کی نوجوان نسل کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کی فکر، علمی و سیاسی بصیرت اور قومی حقوق کے لیے غیر متزلزل وابستگی سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ کی قربانیاں اور سیاسی خدمات بلوچ قومی تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں۔ نیشنل پارٹی ان کے افکار، نظریات اور جمہوری سیاسی جدوجہد کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان کے قومی حقوق، ساحل و وسائل پر اختیار، آئین و پارلیمان کی بالادستی، سماجی انصاف اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ جیسے نظریاتی رہنما جسمانی طور پر ہم میں موجود نہیں رہتے لیکن ان کی فکر، جدوجہد اور سیاسی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا۔

