مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پر کام کرے گی۔
آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر سے پاکستان کا رشتہ کوئی طاقت کمزور نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں ن لیگ کو دو تہائی اکثریت کے لیے 6 سیٹوں کی ضرورت ہے، دو دن بعد الیکشن میں 4 شیر منتخب ہوکر اسمبلی پہنچیں گے، عوام پاکستان کے مالک ہیں، پاکستان کا کون سا حصہ ہے جہاں کشمیری کام نہیں کررہے؟ پاکستان میں کشیریوں کو سارے حقوق مل رہے ہیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کشمیر ایکشن کمیٹی میں بہت سارے لوگ ہمارے بھائی اور محب وطن ہیں، الٹی گنتی والے خود بھی سیدھے ہو جائیں گے اور ان کی گنتی بھی سیدھی ہو جائے گی۔
قبل ازیں حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایکشن کمیٹی کے کچھ لوگ کسی کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، آزاد کشمیر میں حکومت بننے کے بعد مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جہاں سے ہارجائے وہاں دھاندلی کا الزام لگادیتی ہے، پیپلزپارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پرکام کرے گی۔

