وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے شہریوں کا بل ادا نہ کرنا لوڈ شیڈنگ کی وجہ قرار دے دی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے بتایا بجلی کے ساڑھے 11 ہزار فیڈرز پر زیرو لوڈشیڈنگ ہے اگر لوڈشیڈنگ نہ کریں تو خسارہ بڑھ جائے گا۔ شہریوں کی جانب سے بل ادا نہ کرنے کو لوڈشیڈنگ کی وجہ قرار دیا۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کو فیڈرز کی بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لے جارہے ہیں، ایک سال میں تکنیکی امور طے کرکے پالیسی لاگو کردیں گے، میرے حلقے میں بھی 5 فیڈرز پر 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ شیڈنگ کا میکانزم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لوڈشیڈنگ اب فیڈرز کی بجائے ٹرانسفارمر کی بنیاد پر ہوگی۔ جس ٹرانسفارمر کے صارفین بل ادا نہیں کریں گے وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی۔

