امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران پر حملے کے بعد سفارت کاری کہیں زیادہ آسان ہو گئی ہے۔
امریکی میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا امریکا اب ایران کے ساتھ سفارتی حل تک پہنچنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے، ایران پر حملے کے بعد سفارت کاری کہیں زیادہ آسان ہوگئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا ظاہر ہے اب یہ ایک دن پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہے کیونکہ انہیں بری طرح مار پڑ رہی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا ایران کا ردعمل ہماری توقع سے کم رہا ہے، ہم نے سوچا تھا کہ یہ اس سے دوگنا ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران کے دارالحکومت تہران سمیت متعدد شہروں پر میزائل حملے کیے تھے جس میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، ان کے مشیر علی شامخانی، وزیر دفاع اور پاسداران انقلاب گارڈز کے سربراہ سمیت 200 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہو گئے۔
ایران کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل سمیت خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل داغے گئے، جن خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا ان میں متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور سعودی عرب شامل ہیں۔

