اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایرانی مندوب سعید ایروانی نے کہا کہ ایران پر حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سعید ایروانی کا کہنا تھا ایران پر امریکا اور اسرائیل کےحملوں میں عام شہری مارے گئے، مناب شہر میں 100 سے زائد بچے مارے گئے، بے گناہ افراد کے قتل کے ذمہ دار امریکا اور اسرائیل ہیں۔
سعید ایروانی کا کہنا تھا سعودی عرب، روس اور پاکستان کی مذمت کو سراہتے ہیں، امریکی اور اسرائیلی حملے کو اعلان جنگ تصور کرتے ہیں، ہمیں عالمی قوانین کے تحت دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے جلد اسرائیل اور امریکی اڈوں پر شدید حملوں کا انتباہ جاری کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے، ایران کا ردعمل پورے خطے میں پھیل رہا ہے، پرامن حل کے علاوہ اورکوئی آپشن نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر حملوں اور جوابی ایرانی کارروائی سے دنیا کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پرآنا چاہیے، ایران کے معاملے پرسفارتکاری کےمواقع کے ضائع ہونے پر افسوس ہے۔

