کوئٹہ:گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ الحمدللہ! آج ہمارے لیے دو بڑی خوشخبریاں باعثِ مسرت و افتخار ہیں۔ پہلی خوشخبری یہ ہے کہ پاکستان بھر میں سخت مقابلہ کے نتیجے میں بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے دو ہونہار طلبہ ثناء اللہ اور محمد اخلاص نے کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے آٹانومس ریجن فل فنڈڈ اسکالرشپ حاصل کر لی ہے۔ دونوں طلبہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور سائبر سیکیورٹی کے شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے چائنا جائینگے۔ دوسری بڑی خوشخبری یہ ہے کہ بیوٹمز ژوب کیمپس کے 14 طلبہ نے پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے امتحان میں نمایاں نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ نتائج اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ اگر نوجوانوں کو معیاری تعلیم، بہتر مواقع اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تو وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ یہ کیمپس کی کامیابیوں کے نئے ریکارڈ اور باصلاحیت طلبہ کی قابلیت کا شاندار اعتراف ہے۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام لودھی اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین کے مستحق قرار دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گورنر ہاو¿س کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی ژوب کیمپس کے فیکلٹی ممبرز اور اسٹوڈنٹس سے انٹرایکشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے مختلف سوالات کیے گئے جن کا فرداً فرداً گورنر بلوچستان تفصیلی جوابات دئیے۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ژوب کیمپس میں داخلہ فیس میں کمی کا جو فیصلہ کیا، اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں طلبہ و طالبات کی تعداد دگنی ہو جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم تک رسائی آسان اور سستا بنانے سے نوجوانوں کیلئے ترقی کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔ ان کامیابیوں نے میرے اس عزم اور یقین کو مزید مضبوط کیا ہے کہ ژوب ڈویژن کو پورے خطے کیلئے ” ہب آف ماڈرن ایجوکیشن” بنانے کا خواب اب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے۔ ہمارا مقصد محض ایک بیوٹمز یونیورسٹی کیمپس چلانا نہیں بلکہ ایسا تعلیمی ماحول تشکیل دینا ہے جہاں جدید علوم، سائنٹفک ریسرچ، ڈیجٹل ٹیکنالوجی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے اور ہمارے نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی ذاتی پہچان بنا سکیں۔ گورنر مندوخیل نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ دن قریب ہے جب ژوب شہر میں ایک جدید فل فلیجڈ یونیورسٹی کا قیام عمل میں آئیگا۔ یہ یونیورسٹی نہ صرف ژوب ڈویژن بلکہ پورے خطے کے نوجوانوں کیلئے کوالٹی ایجوکیشن، جدید ریسرچ اور روشن مستقبل کے نئے امکانات پیدا کریگی۔ ہم اس عزم کا بھی اعادہ کرتے ہیں کہ بیوٹمز ژوب کیمپس کی خواتین اسٹاف اور طالبات کیلئے دو کوسٹرز، چائنا کیلئے مزید اسکالرشپس اور اسپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کرنے کی خاطر عملی اقدامات کیے جائینگے تاکہ بالخصوص ہماری خواتین کو محفوظ، سازگار اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل نوجوانوں کے مستقبل، معاشرے کی ترقی اور پورے خطے کی خوشحالی پر سرمایہ کاری ہے۔

