واشنگٹن: امریکا نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے بم فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔
امریکی محکمہ خارجہ نے جمعہ کو سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز-ایکسٹینڈڈ رینج (JDAM-ER) کی فروخت کی منظوری دے دی، بنیادی ٹھیکہ بوئنگ کو ملا ہے۔
محکمہ خارجہ کے مطابق اس کے علاوہ سعودی عرب کو 750 ملین ڈالر مالیت کے AGT-150 انجنوں کی علیحدہ فروخت کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔جس کا ٹھیکہ Honeywell کو ملے گا۔یہ انجنز لڑاکا ٹینکوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی، جبکہ اس کی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت اور دفاعی تعاون میں بہتری آئے گی۔
دریں اثنا امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی 2 مزید دفاعی سودوں کی منظوری دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو F-16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 188 ملین ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔
عراق کو 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز بیچنےکی بھی منظوری دی گئی ہے۔

