جمعہ, اگست 14, 2026
ہوماہم خبریںبین الاقوامی خبریںسعودی عرب کی قیادت میں بڑا بحری اتحاد، 39 ممالک ایک پلیٹ...

سعودی عرب کی قیادت میں بڑا بحری اتحاد، 39 ممالک ایک پلیٹ فارم پر آگئے

سعودی عرب کی قیادت میں قائم کیے جانے والے کثیر ملکی بحری دفاعی اتحاد میں شامل 39 ممالک کے نمائندوں نے جدہ میں تیسرے منصوبہ بندی اجلاس میں شرکت کی ہے۔ اس اجلاس کے بعد یہ اتحاد ایک باقاعدہ فعال بحری سکیورٹی فورس بننے کی جانب مزید آگے بڑھ رہا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی اسپا کے مطابق اجلاس جمعرات کو جدہ میں ویسٹرن فلیٹ کمانڈ کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا، جس میں ان ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی جو سعودی قیادت میں قائم ہونے والے اتحاد کی تشکیل میں شامل ہیں۔

اجلاس میں اتحاد کے مستقبل کے عملی ڈھانچے، کمانڈ سسٹم اور مختلف ممالک کی فوجی صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مربوط کرنے کے معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اسپا کے مطابق اتحاد میں شامل 39 ممالک میں سے 15 ممالک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کرچکے ہیں، جبکہ 13 ممالک نے اپنے داخلی اور قومی قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد MMDC کے چارٹر پر دستخط کرکے باضابطہ طور پر اتحاد میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

باقی شریک ممالک ابھی اپنے اپنے ملک میں ضروری منظوری کے مراحل مکمل کر رہے ہیں۔ ان ممالک کی شمولیت کا عمل مکمل ہونے کے بعد اتحاد کے ڈھانچے کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ بحری دفاعی اتحاد اب صرف منصوبہ بندی اور تشکیل کے مرحلے تک محدود نہیں رہا بلکہ اسے ایک فعال بحری سکیورٹی فورس میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں مشترکہ آپریشنل کمانڈ کے قیام اور مختلف ممالک کے فوجی اہلکاروں اور دفاعی صلاحیتوں کو ایک مربوط نظام میں شامل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

بحری سکیورٹی کے حوالے سے اس اتحاد کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ عرصے کے دوران تجارتی بحری جہازوں، تیل کی ترسیل اور اہم سمندری گزرگاہوں کی سلامتی کو کئی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔

سعودی عرب کی قیادت میں بننے والا یہ اتحاد مستقبل میں بحری راستوں کے تحفظ، سمندری سلامتی اور مشترکہ دفاعی تعاون کے لیے مختلف ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش ہے۔ اس کی عملی تشکیل مکمل ہونے کے بعد رکن ممالک کے درمیان بحری دفاع اور سکیورٹی کے شعبے میں تعاون مزید منظم ہونے کا امکان ہے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!