جمعہ, اگست 14, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںاختر مینگل نے دبئی میں ریکوڈک کے 40 ارب روپے لیے، مودی...

اختر مینگل نے دبئی میں ریکوڈک کے 40 ارب روپے لیے، مودی کے لوگوں سے پاکستان کے خلاف ملاقاتیں کیں، غریبوں کے بچوں کو پہاڑوں پر بھیجنے والے خود دبئی میں رہتے ہیں، علی حسن زہری

حب: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما علی حسن زہری نے جشنِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اختر مینگل کی سیاسی پالیسیوں اور بیانات پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، تاہم پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف بے بنیاد الزامات سے گریز کیا جائے۔

علی حسن زہری نے اختر مینگل کی ایک تقریر بھی تقریب میں چلائی اور سوال اٹھایا کہ بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں کو غدار کیسے کہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اختر مینگل بیرونِ ملک رہ کر بلوچ نوجوانوں کو پہاڑوں پر جانے پر اکسا رہے ہیں، جبکہ خود اپنے بچوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اختر مینگل نے دبئی میں ریکوڈک کے حوالے سے 40 ارب روپے حاصل کیے، تاہم اس دعوے کی کوئی تفصیل یا ثبوت پیش نہیں کیا۔

علی حسن زہری نے کہا کہ اختر مینگل کی فنڈنگ بند ہو چکی ہے اور ان کی جماعت میں وہ اکیلے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اختر مینگل کی پارٹی کا سیاسی جنازہ نکل چکا ہے۔

انہوں نے اختر مینگل سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سیاست ضرور کریں لیکن پاکستان پیپلز پارٹی پر بے بنیاد تنقید نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری ہمارے لیے باپ اور محسن ہیں، ان کے بارے میں الفاظ کا انتخاب درست ہونا چاہیے۔

علی حسن زہری نے مزید الزام عائد کیا کہ اختر مینگل نے مودی کے لوگوں سے پاکستان کے خلاف ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اختر مینگل دوسروں کے بچوں کو پہاڑوں پر بھیجنے کے بجائے اپنے بچوں کی طرح فورسز کے بچوں کا بھی خیال رکھیں۔

انہوں نے اختر مینگل کی بلوچ قوم پرستی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سردار عطا اللہ مینگل نے ایم این اے بننے کے بعد پنجاب نہ جانے کی بات کی تھی، مگر اختر مینگل نے اپنی بیٹی کا رشتہ پنجابی خاندان میں کیا، اس کے باوجود وہ پنجابیوں کے خلاف سیاست کرتے ہیں۔

علی حسن زہری نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری گزشتہ سات ماہ سے رات بھر نہیں سوتے اور ملک کے تمام اہم امور ان کے مشورے سے انجام پا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارے لیے قابلِ احترام ہے اور جنرل عاصم منیر جیسا جنرل دوبارہ نہیں ملے گا۔ سعودی عرب، قطر سمیت دنیا بھر کے ممالک پاکستان کی فوج سے تعاون چاہتے ہیں۔

علی حسن زہری نے سیاسی مستقبل کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف کے ڈھائی سال مکمل ہونے کے بعد بلاول بھٹو زرداری ڈھائی سال کے لیے وزیراعظم بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑوں پر جانے والے نوجوان واپس آئیں، حکومت انہیں روزگار اور تعلیم فراہم کرے گی۔ بیرونِ ملک بیٹھ کر غریب بلوچوں کو لڑانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ غریب مسافروں کو لوٹنے اور پل توڑنے سے پاکستان نہیں ٹوٹے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوشکی بارڈر کے راستے افغانستان سے دہشت گرد بلوچستان میں داخل ہو کر دہشت گردی کرتے ہیں۔

علی حسن زہری نے پہاڑوں پر موجود افراد سے اپیل کی کہ وہ واپس آکر قومی دھارے میں شامل ہوں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وہ واپس نہ آئے تو آئندہ دو تین ماہ میں بلوچستان میں آپریشن ضرور ہوگا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!