جمعہ, اگست 7, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبلوچستان: معطل ڈاکٹرز 2 سے 3 روز میں بحال کرنے کا اعلان،...

بلوچستان: معطل ڈاکٹرز 2 سے 3 روز میں بحال کرنے کا اعلان، جائز مطالبات ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے، وزیر صحت

کوئٹہ (این این آئی): پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ برانچ کے وفد نے صدر ڈاکٹر نادر خان اچکزئی کی قیادت میں وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ سے ملاقات کی، جس میں صوبے کے شعبہ صحت، ڈاکٹروں کے مسائل اور ہسپتالوں کی انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے وزیر صحت کو ڈاکٹروں کو درپیش انتظامی، پیشہ ورانہ اور سروس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے فوری حل کے لیے سفارشات پیش کیں۔

وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے یقین دہانی کرائی کہ حالیہ عرصے میں معطل کیے گئے تمام ڈاکٹرز آئندہ 2 سے 3 روز میں اپنی سابقہ جائے تعیناتی پر بحال کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تیار کیے جانے والے ہیلتھ سکیورٹی ایکٹ میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کو اہم اسٹیک ہولڈر کے طور پر شامل کیا جائے گا۔

وزیر صحت نے اعلان کیا کہ Semi-Autonomous Act جلد از جلد صوبے کے ٹرشری کیئر ہسپتالوں، بالخصوص بولان میڈیکل ہسپتال اور سول ہسپتال میں نافذ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایکٹ کے تحت قائم گورننگ باڈی ہسپتالوں کے انتظامی، مالی اور پالیسی امور کی نگرانی کرے گی، جبکہ بھرتیوں، تقرریوں، انسانی وسائل اور دیگر انتظامی معاملات بھی اسی باڈی کے ذریعے انجام دیے جائیں گے۔

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ڈاکٹرز صوبے کے صحت کے نظام کا بنیادی ستون ہیں، ان کے تمام جائز مطالبات اور پیشہ ورانہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی پی ایم اے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، طبی اساتذہ اور دیگر نمائندہ طبی تنظیموں کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رکھے گی۔

وزیر صحت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مؤثر اصلاحات کے لیے تمام متعلقہ فریقین کی مشاورت ضروری ہے اور حکومت ڈاکٹرز و مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرے گی۔

صدر پی ایم اے کوئٹہ برانچ ڈاکٹر نادر خان اچکزئی نے وزیر صحت کے مثبت رویے اور یقین دہانیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم اے مریضوں کے بہترین مفاد، ڈاکٹروں کے وقار اور صوبے کے صحت کے نظام کی بہتری کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!