ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی فتح کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے متنازع فیصلوں پر ریفری کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
میچ کے آخری لمحات میں مصر کے اسٹار فٹبالر اور کپتان محمد صلاح اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کا ایک موقع پر آمنا سامنا ہوا تاہم اس دوران ارجنٹینا کے کھلاڑی نے محمد صلاح کو پھنسا کر گرادیا، ارجنٹینا کے کھلاڑی کے اس عمل پر ریفری کی جانب سے فاؤل نہیں دیا گیا، ریفری کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایک اور موقع پر بھی مصر اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کا آمنا سامنا ہوا تاہم یہاں بھی ارجنٹینا کے کھلاڑی مصری کھلاڑی کو گرا کر آگے چل دیے۔ ریفری کی جانب سے ارجنٹینا کھلاڑیوں کے اس عمل پر فاؤل اور مصر کو پنالٹی شوٹ نہ دینے پر صارفین پھٹ پڑے۔
مصری ٹیم کے ہیڈکوچ حسام حسن نے میچ کے دوران ریفری کے بعض فیصلوں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا جس کے بعد ریفری نے انہیں وارننگ دیتے ہوئے یلو کارڈ جاری کیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین ریفری کے فیصلوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، ایک صارف نے تو فیفا کا موازنہ آئی سی سی سے کردیا، انہوں نے لکھا کہ جس طرح آئی سی سی میچ فکسنگ کرتا ہے اسی طرح آج کے فٹبال میچ میں فیفا کی جانب سے بھی فکسنگ کی گئی۔

