فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں فرانس اور ناروے نے اپنے اپنے میچ جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ فرانس نے سویڈن کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-3 سے شکست دی، جبکہ ناروے نے سنسنی خیز میچ میں آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے ہرا دیا۔
فرانس اور سویڈن کے درمیان کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے میچ میں فرانسیسی ٹیم نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول رکھا اور حریف ٹیم کو زیادہ مواقع نہ دیے۔ 21ویں منٹ میں کائلیان ایمباپے نے گیند جال میں پہنچائی، تاہم وی اے آر کے جائزے کے بعد آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا گیا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ دیر قبل عثمان ڈیمبیلے کے پاس پر ایمباپے نے گول کر کے فرانس کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف کے 53ویں منٹ میں بریڈلی بارکولا نے مائیکل اولیسے کے پاس پر دوسرا گول اسکور کیا، جبکہ 74ویں منٹ میں اولیسے کی ایک اور شاندار اسسٹ پر ایمباپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کر کے فرانس کی 0-3 سے کامیابی یقینی بنا دی۔
فرانس کو میچ کے دوران مزید گول کرنے کے بھی کئی مواقع ملے۔ مائیکل اولیسے ایک موقع پر بائی سائیکل کک کے ذریعے شاندار گول کرنے کے قریب پہنچے، لیکن ان کی شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ اس کے علاوہ بھی کئی مواقع پر گول پوسٹ نے سویڈن کو مزید گول کھانے سے بچایا۔ اس کامیابی کے بعد فرانس نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جبکہ سویڈن ایونٹ سے باہر ہو گیا۔
دوسری جانب ناک آؤٹ مرحلے کے ایک اور میچ میں ناروے نے آئیوری کوسٹ کو 1-2 سے شکست دے کر آخری 16 ٹیموں میں جگہ بنا لی۔ ناروے کی جانب سے فیصلہ کن گول میچ کے آخری لمحات میں اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے کیا، جس نے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔
آئیوری کوسٹ کی جانب سے واحد گول متبادل کھلاڑی اماد دیالو نے اسکور کیا، تاہم ان کی کوشش ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ اس کامیابی کے ساتھ ناروے نے بھی پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں وہ ٹورنامنٹ میں اپنی مہم جاری رکھے گا۔

