جمعرات, مئی 21, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںبلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، صوبائی حکومت روزگار کے مواقع فراہم کر...

بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، صوبائی حکومت روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہے، چیف سیکرٹری

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت بلوچستان میں “رائز پروگرام” سے متعلق ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے نوجوانوں، پسماندہ علاقوں اور کمزور طبقات کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور پروگرام سے وابستہ نمائندگان نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو روزگار، جدید مہارتوں اور خود کفالت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “رائز پروگرام” بلوچستان کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا، جس کے ذریعے نہ صرف بے روزگاری میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ صوبے میں پائیدار ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجگور، چاغی، واشک، گوادر، آواران، کیچ اور تربت سمیت دور دراز اور پسماندہ اضلاع کے ہزاروں نوجوانوں کو فنی و تکنیکی تربیت، چھوٹے کاروبار کے مواقع، مالی معاونت اور معاشی استحکام کے منصوبے فراہم کیے جائیں گے تاکہ نوجوان اپنے علاقوں میں رہتے ہوئے باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔

چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ اس پروگرام کے لیے کئی ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جو بلوچستان کی تاریخ میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے ایک بڑی سرمایہ کاری تصور کی جا رہی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امن، سماجی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر ثقافتی اور موسیقی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ 11 مختلف تقریبات میں 3 ہزار 946 افراد نے شرکت کی، جن میں 34 فیصد خواتین شامل تھیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ امن و سماجی ہم آہنگی پروگرام کے تحت 215 گرانٹس کے ذریعے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز (CBOs) اور لوکل سپورٹ آرگنائزیشنز (LSOs) کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ نوجوانوں کے لیے 550 قومی سطح کے نمائشی اور مطالعاتی دوروں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ ضلعی، ڈویژنل اور صوبائی سطح پر آگاہی، کھیلوں اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے 34 مختلف تقریبات کامیابی سے منعقد کی گئیں۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تربیت اور آمدن پیدا کرنے والے گرانٹس فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 55 اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو 5 سے 20 ملین روپے تک مالی معاونت دی جائے گی۔

اجلاس میں مزید آگاہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے ووکیشنل تربیت اور انٹرپرائز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت 2500 مستحق افراد کے اکاؤنٹس بھی پروسیس کیے جا چکے ہیں۔

چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو ترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنے، انہیں بااختیار بنانے اور بلوچستان میں پائیدار معاشی استحکام پیدا کرنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور حکومت انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ صوبہ ترقی، خوشحالی اور امن کی نئی منزلیں طے کر سکے۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے