کوئٹہ: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء اور اعلیٰ حکام نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران بلاول بھٹو زرداری بلوچستان میں صحت کے شعبے سے متعلق 11 بڑے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، جن کا مقصد صوبے میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو بہتر علاج کی سہولت مہیا کرنا ہے۔
افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں 150 بستروں پر مشتمل جدید ٹراما سینٹر شامل ہے، جو حادثات اور ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ بینظیر ایمبولینس سروس کا آغاز بھی کیا جائے گا، جس کے تحت حاملہ خواتین اور زخمی افراد کو بروقت اسپتال منتقل کیا جا سکے گا۔
دورے کے دوران بلوچستان کی پہلی سرکاری ایئر ایمبولینس سروس کا بھی افتتاح متوقع ہے، جو دور دراز علاقوں سے مریضوں کی فضائی منتقلی کو ممکن بنائے گی۔ جدید طبی آلات اور نوزائیدہ بچوں کے انکیوبیٹرز سے لیس اس سروس کو صوبے کے صحت کے نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید برآں باچا خان میموریل اسپتال، 164 بنیادی صحت مراکز کی بحالی، سرکاری ملازمین کے لیے ہیلتھ انشورنس پروگرام، حفاظتی ٹیکہ جات کے نظام کی بہتری اور چائلڈ لائف ایمرجنسی سروسز کی توسیع کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔
اسی طرح محکمہ صحت بلوچستان کے ڈیجیٹل نظام، پیپلز ویلفیئر پروگرام، حاملہ خواتین کے ریفرل سسٹم اور 10 ضلعی اسپتالوں میں ٹی بی علاج مراکز کے قیام کا افتتاح بھی دورے کا حصہ ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق ان منصوبوں سے بلوچستان میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عوام کو بنیادی و ہنگامی طبی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔

