بدھ, نومبر 25, 2026
ہوماہم خبریںبلوچستان کی خبریںچینی سرمایہ کارگوادر، مکران اور بلوچستان کے نوجوانوں کو ملازمتوں میں ترجیح...

چینی سرمایہ کارگوادر، مکران اور بلوچستان کے نوجوانوں کو ملازمتوں میں ترجیح دیں، فنی تربیت اور کاروباری سہولیات فراہم کی جائیں گی، نورالحق بلوچ

گوادر:چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی زیرِ صدارت جی پی اے ہیڈ آفس میں گوادر فری زون میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)، چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی (COPHC)، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن (Guangdong Metal Processing Industry Association) اور چنگ ڈاو کمپنی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیرمین چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ پروفیسر ہو بو، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن مس یانگ (Ms. Yang) سمیت چینی وفد اور جی پی اے کے متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں گوادر فری زون میں چینی سرمایہ کاری، صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں کے قیام، درآمدات و برآمدات، سرمایہ کاروں کو کاروباری سہولیات کی فراہمی اور انتظامی و قانونی رکاوٹوں کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گوادر فری زون کی جغرافیائی اہمیت اور بندرگاہ سے قربت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں صنعتی یونٹس قائم کرنے سے خام مال کی درآمد اور تیار مصنوعات کی برآمد میں نمایاں سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ فری زون میں قائم کاروباری یونٹس کو متعلقہ قوانین اور پالیسی کے تحت درآمدی ڈیوٹیوں میں چھوٹ سمیت مختلف مراعات حاصل ہیں، جبکہ گوادر بندرگاہ کے ذریعے چین اور دیگر بین الاقوامی منڈیوں تک براہِ راست رسائی سرمایہ کاروں کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔ انہوں نے گوادر فری زون کا موازنہ سیالکوٹ سمیت ملک کے دیگر صنعتی مراکز سے کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہ کی قربت اور زمین و دیگر انتظامی معاملات میں سہولت گوادر کو کاروبار کے لیے ایک منفرد مقام بناتی ہے، اجلاس میں گوادر میں ہنرمند افرادی قوت کی دستیابی اور مقامی نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ چیرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے چینی سرمایہ کاروں کو بتایا کہ چینی حکومت کے تعاون سے قائم پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر اس مقصد کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنگ ڈو انسٹی ٹیوٹ اور چین کے دیگر متعلقہ تربیتی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں کے تحت مقامی نوجوانوں کو جدید فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور مطلوبہ مہارتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں چینی معیار کے مطابق تیار کرکے صنعتی شعبے میں روزگار کے مواقع فراہم کیئے جا سکیں، چیرمین گوادر بندرگاہ نورالحق بلوچ نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی کمپنیوں اور صنعتی یونٹس کے لیے منیجرز، ہنرمند کارکنوں اور دیگر عہدوں پر درکار افرادی قوت کی تفصیلات فراہم کریں اور بھرتیوں میں پہلے گوادر، پھر مکران اور اس کے بعد بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیح دیں۔ اس اقدام کا مقصد مقامی نوجوانوں کی استعداد کار میں اضافہ اور انہیں صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کا حصہ بنانا ہے، اجلاس میں صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے زمین کی فراہمی، لیز، لائسنسنگ، تعمیراتی اجازت ناموں، ماحولیاتی منظوری، درآمد و برآمد کی پالیسی اور دیگر قانونی و انتظامی معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ چیرمین نورالحق بلوچ نے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں اور ضروری منظوریوں کے حصول میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر مجوزہ قانون سازی کے ذریعے فری زون میں سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد کو گوادر کے ذریعے ایران کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی رسائی اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا، اجلاس میں گوادر فری زون کو چینی سرمایہ کاری، صنعتی پیداوار، مقامی نوجوانوں کی فنی تربیت، روزگار کے مواقع اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لیے ایک عملی اور کامیاب کاروباری ماڈل کے طور پر ترقی دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

RELATED ARTICLES

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں

سب سے زیادہ مقبول

حالیہ تبصرے

error: Content is protected !!