کوئٹہ:پیپلزپارٹی کے صوبائی رہنما ملک اکرم بنگلزئی نے ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے علامتی احتجاجی کیمپ میں اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ملک اکرم بنگلزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا پرنٹ میڈیا ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کررہا ہے۔ملک اکرم بنگلزئی کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی سے قبل بھی شعبہ صحافت سے وابستہ رہا ہوں اور صوبے کی واحد صنعت کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں۔پیپلزپارٹی کی حکومت نے ہمیشہ روزگار کے مواقعوں میں اضافے پر توجہ مرکوز رکھی ہے اور آج بھی پیپلزپارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے فلسفے پر عمل پیرا جس کا مقصد عوام کو روزگار کی فراہمی اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانا ہے۔
ملک اکرم بنگلزئی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کرتا ہوں کہ بلوچستان کی واحد صنعت جو ہزاروں افراد کو روزگار فراہم کررہی ہے اسکی سرپرستی کریں تاکہ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے میں مدد مل سکے۔ دریں اثناء ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ 55 ویں روز بھی جاری رہا۔ علامتی احتجاجی کیمپ میں اخبارات،جرائد اور اخبار مارکیٹ کے نمائندگان موجود تھے۔ علامتی احتجاجی کیمپ کے شرکاء کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اشتہارات کی BPPRA پر منتقلی سے جہاں صوبے کی واحد صنعت بندش کا شکار ہوگی وہیں بیروزگاری میں اضافہ ہوگا جو کسی صورت صوبے کے مفاد میں نہیں۔شرکاء کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اشتہارات کو BPPRA پر مکمل طور پر منتقل کرنے کے ڈرافٹ کو مسترد کریں۔