پاکستان اور اٹلی کے درمیان ماربل و معدنی شعبہ میں تکنیکی تعاون کے فروغ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پاکستانی ماربل اور پتھر کی صنعت میں تکنیکی تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے اٹلی کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ اٹلی کا تکنیکی وفد 27 نومبر تک کراچی اور اسلام آباد کا دورہ کرے گا، جہاں ماربل اور پتھر کی صنعت کا تکنیکی جائزہ لیا جائے گا۔
اٹلی کا وفد ماربل کی کان کنی، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری میں جدید ٹیکنالوجی کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ وفد کے دورے میں ماربل سٹی کراچی، سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی اور صنعتی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔
پاکستان اور اٹلی کے درمیان معدنی وسائل سے ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور برآمدات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستانی سفیر علی جاوید کے مطابق اٹلی کی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان کے ماربل، گرینائٹ، اونکس اور ٹراورٹائن کے ذخائر سے بہتر استفادہ ممکن ہوگا۔

