کوئٹہ:انسپکٹر جنرل (آئی جی)پولیس بلوچستان محمد طاہر کی خصوصی ہدایت پر صوبے کی تمام 9 رینجز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کریک ڈان جاری ہے، جس کے حوالے سے بلوچستان پولیس کی گزشتہ تین ہفتوں کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ترجمان بلوچستان پولیس کے مطابق اس خصوصی مہم کے دوران 58 اشتہاری، 312 مفرور اور مختلف سنگین جرائم میں ملوث 420 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اغوا کاروں کے چنگل سے 9 مغویوں کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 84 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 70 پستول و ریوالور، 3 کلاشنکوف، 11 شارٹ گن رائفلیں، 65 میگزین اور 972 رانڈز برآمد کیے گئے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈان کے دوران 111 ملزمان کو حراست میں لے کر 189 کلوگرام سے زائد چرس، 38 کلوگرام آئس، 2 کلوگرام سے زائد خشک بھنگ، ہیروئن، افیون اور کرسٹل برآمد کی گئی، جبکہ شراب کی 33 بوتلیں اور بیئر کے 7 کین بھی قبضے میں لیے گئے۔اسی طرح پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مسروقہ گاڑیاں، 17 موٹر سائیکلیں، 54 موبائل فون اور سونے کے 2 سیٹ برآمد کر کے اصل مالکان کے حوالے کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ دفعہ 550 کے تحت مزید 6 مشتبہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کراتے ہوئے 3 ہزار 304 گاڑیوں سے کالے شیشے اتارے گئے۔ترجمان بلوچستان پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور صوبے بھر میں پائیدار امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ کریک ڈاون بلاامتیاز جاری رہے گا۔

