میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اب شہر میں کوئی مرغا نہیں بنے گا، مرغا بننے کا وقت ختم ہو گیا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ اب کام، ترقی اور تعمیر کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی میں پہلے صرف ایم کیو ایم کا کنٹرول اور راج ہوا کرتا تھا، اب باگ ڈور پیپلز پارٹی کے ہاتھوں ہے، پیپلز پارٹی نے کورنگی میں متعدد سڑکیں تعمیر کر کے عوام کو بہتر سہولتیں دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کورنگی کا فلائی اوور، کورنگی کازوے، کورنگی نمبر 5 فلائی اوور پیپلز پارٹی نے تعمیر کیا اور آج افتتاح کر دیا۔
میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی ڈھائی کا برج پیپلز پارٹی نے تعمیر کیا ہے، عظیم پورہ فلائی اوور بھی پیپلز پارٹی نے تعمیر کر کے شہریوں کو سہولت فراہم کی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو بھی پیپلز پارٹی نے تعمیر کر کے ٹریفک نظام کو بہتر بنایا، صنعتی علاقے میں صنعتوں کے قیام کے لیے ہم نے 5 اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2 ارب روپے لانڈھی اور 2 ارب روپے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں لگا رہے ہیں، کراچی سمیت سندھ اور ملک کو ترقی دینے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ کراچی کو بدلنا اور اسے متعصب عناصر سے محفوظ رکھنا ہمارا مشترکہ مقصد ہے۔

