سرانان واقعہ: حکومت میں موجود کالی بھیڑوں نے یہ سب کروایا ہے، محمود خان اچکزئی
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل اور پرسوں سرانان میں جو کچھ ہوا، اس پر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ انہوں نے ذمہ داروں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے واضح الزام عائد کیا کہ سرانان کا واقعہ حکومت کے اندر موجود کالی بھیڑوں کی کارستانی ہے۔
محمود اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ عمران خان کی بہن کو اسپتال کے دوسرے کمرے میں بند کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں اس بات پر خوشی منائی جا رہی تھی کہ بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت شفا انٹرنیشنل اسپتال شفٹ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ رات کو اچانک پتا چلا کہ اندھیرے میں بانی پی ٹی آئی کو کسی اور اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں ایسے عناصر موجود ہیں جو جان بوجھ کر تحریک انصاف اور حکومت کے مابین معاملات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

