کوئٹہ: سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کا شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی فوری مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عبدالرازق خلجی کے جذبۂ انسانیت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل گھڑی میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عبدالرازق خلجی نے ہمت، بہادری اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا، ہمیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے، ایسے فرض شناس نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ نوجوان نسل کو عبدالرازق خلجی جیسے باہمت اور انسان دوست نوجوانوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
اس موقع پر عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے بروقت علاج، حوصلہ افزائی اور داد رسی پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

