تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے پی پی پی سے مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں چور ہیں اور پی پی پی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
پشاور میں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم، پی ٹی آئی ایم پی ایز اور ممبران قومی اسمبلی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بانی پی ٹی آئی کی صحت ریڈ لائن ہے اور صحت کے حوالے سے ہتھکنڈے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ پی ڈی ایم مل کر بھی بانی کی پارٹی کو ختم نہیں کرسکی، قوم بانی کے ساتھ کھڑی ہے۔ مہینے گزر گئے بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دیا جا رہا، بانی کے معاملے پر کوئی سوموٹو نہیں لیا جا رہا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ اسحاق ڈار کے نواسے پر ایف آئی آر کا کیا بنا؟ پنجاب میں فارم 47 والی حکومت اسحاق ڈار کے نواسے پر خاموش ہوگئی۔ بانی کی صحت کے حوالے سے کوئی خبر آئے گی تو پوری پارٹی کو تشویش ہوگی۔ مریم نواز اور ان کے چچا شہباز شریف کو بانی کی صحت کے حوالے سے جواب دینا ہوگا۔ چیف جسٹس بانی کی صحت کا نوٹس لیں اور فوری ملنے دیا جائے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عدلیہ بھی جیل میں بانی کے رویے پر اختیارات استعمال نہیں کر رہی۔ چیف جسٹس آف پاکستان بانی پی ٹی آئی کے کیسز کو جلد لگائیں۔ امید ہے سپریم کورٹ کا وعدہ پنجاب انتظامیہ سے مختلف ہوگا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مریم نواز کی موجودگی میں 2 خواتین تھانے میں مار دی گئیں، سی سی ڈی صرف غریبوں کیلئے بنی ہے؟ دو خواتین تھانے میں مر گئیں، جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔ سندھ اور پنجاب حکومت والے چور ہیں۔ کشمیر کے الیکشن میں ن لیگ اور پی پی پی نے ایک دوسرے کو اوقات یاد دلا دی۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ججز کی تعیناتی پر سیاسی مداخلت کو پی ٹی آئی مسترد کرتی ہے۔ پی ٹی آئی نے پی پی پی سے مذاکرات کی مخالفت کردی ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ دونوں چور ہیں اور پی پی پی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بار بار مذاکرات کئے ہیں، 26ویں ترمیم پر بھی کے یو آئی کا ساتھ دیا۔ جے یو آئی کے ساتھ ایشو ٹو ایشو بات چیت ہوتی ہے۔

